اٹلی والے نیلے کیکڑوں سے تنگ آگئے، کستورا مچھلی کے فارم پر نیلے کیکڑوں کے حملہ آور ہونے کے بعد ان کے خاتمے کے لیے کثیر رقم خرچ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اٹلی نیلے کیکڑوں سے جانے چھڑانے کے لیے 25 لاکھ ڈالر خرچ کرے گا، مغربی اوقیانوس کے سمنروں میں پایا جانے والا نیلا کیکڑا اٹلی کی کئی جھیلوں اور تالابوں کثرت سے موجود ہے۔
اٹلی میں جو پاستا ڈشز بنائی جاتی ہیں ان میں کستورا مچھلی (Oysters) کا بہت استعمال ہوتا ہے جبکہ اٹلی اس مچھلی کی بڑی پیداوار والے ملکوں میں سے ایک ہے۔
ہوا کچھ یوں کہ شمالی اٹلی میں کستورا مچھلی کے فارم پر نیلے کیکڑے حملہ آور ہوئے اور 90 فیصد کے قریب کستورا مچھلیاں چٹ کرگئے، نیلے کیکڑے کی مرغوب غذا میں کستورا مچھلی، سیپیاں اور دیگر سمندری حشرات شامل ہیں۔
اٹلی کے وزیر زراعت فرانسکو کے مطابق ماہی گیروں کو 25 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے تاکہ وہ نیلے کیکڑوں کو پکڑ سکیں، روزانہ 12 ٹن نیلے کیکڑے پکڑے جانے کے باجود وہ کم نہیں ہورہے۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے مطابق 2021 تک اٹلی یورپ کا سب سے بڑا اور دنیا کا تیسرا بڑا ملک تھا جہاں کستورا مچھلی کی پیداوار سب سے زیادہ ہوتی تھی۔