اسلام آباد: یورپی ملک اٹلی نے پاکستان کے 10 کروڑ ڈالر قرض میں دسمبر 2024 تک توسیع کردی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ اٹلی کی جانب سے قرض میں توسیع کے ساتھ اس قرض کو ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیا جائے گا۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان، اطالوی قرضوں کے تبادلے کے معاہدے میں دسمبر 2024 تک توسیع کی گئی ہے۔
اٹلی نے قرضوں میں توسیع دیتے ہوئے اسے ترقیاتی منصوبے میں تبدیل کردیا ہے، وزارت اقتصادی امور نے قرضوں کے تبادلے کے معاہدے کے تحت آٹلی کی کوششوں کو سراہا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کا مجموعی قرضہ 58ٹریلین روپے سے تجاوز کر گیا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے جاری اعدادوشمار کے مطابق اس اضافے کے ساتھ اپریل 2023ءمیں پاکستان کا مجموعی قرض 58.599ٹریلین روپے ہو گیا جو اپریل 2022ءمیں 43.705ٹریلین روپے تھا۔
اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کے ملکی قرضے میں اس عرصے کے دوران 26.4فیصد اضافہ ہوا اور وہ 28.914 ٹریلین روپے سے بڑھ کر 36.549ٹریلین روپے ہو گیا۔
مجموعی ملکی قرض میں سے طویل مدتی پبلک قرض 23.301ٹریلین روپے سے بڑھ کر 29.195ٹریلین روپے ہو گیا جبکہ قلیل مدتی قرض 5.578ٹریلین روپے سے بڑھ کر 7.215ٹریلین روپے ہو گیا۔