روم: اٹلی کی کمپنی نے جدید ٹیکنالوجی سے لیس منفرد موٹرسائیکل تیار کرلی جس میں ریڈار سسٹم نصب کیا گیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق اٹلی کی ٹیکنالوجی کمپنی دوکاتی نے موٹرسائیکل چلانے والے افراد کے لیے جدید سسٹم سے آراستہ ’ریڈار‘ بائیک متعارف کروائی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’یہ دنیا بھر میں متعارف کرائی جانے والی پہلی موٹرسائیکل ہے جس میں ریڈار ٹیکنالوجی شامل کی گئی‘۔
موٹرسائیکل کے اگلے اور پچھلے حصے میں نصب کیے جانے والے ریڈار کا وزن 190 گرام ہے، جو ایک ایکشن کیمرے کے برابر ہے۔
کمپنی ترجمان کے مطابق ’ریڈار سسٹم کی وجہ سے موٹرسائیکل سواروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا کیونکہ یہ سڑک پر دیگر سواریوں سے خودکار طور پر فاصلہ رکھنے میں مدد فراہم کرے گا‘۔
ریڈار سسٹم موٹرسائیکل سوار کو اطراف اور پیچھے سے آنے والی گاڑیوں کی رفتار کے حوالے سے بھی آگاہ کرے گا اور اگر کوئی گاڑی پیچھے کی جانب سے تیزی سے بڑھ رہی ہوگی تو موٹرسائیکل چلانے والے کو اس کی خبر ہوجائے گی۔
کمپنی کی جانب سے موٹرسائیکل کی قیمت کے حوالے سے ابھی کچھ نہیں بتایا گیا اور نہ ہی یہ بات سامنے آئی کہ مارکیٹ میں یہ کب سے دستیاب ہوگی۔