کراچی : اٹلی کے نئے قونصل جنرل نے گورنرسندھ عمران اسماعیل سے ملاقات میں کہا کہ اٹلی نے پاکستانی صنعت کاروں کو بزنس ویزا دینا شروع کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گورنرسندھ عمران اسماعیل سے اٹلی کے نئے قونصل جنرل کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں دوطرفہ تجارتی و سفارتی تعلقات اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور صوبہ میں سماجی شعبہ کی ترقی میں اٹلی کے تعاون پر بات چیت کی گئی۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا پاک اٹلی دوطرفہ تعلقات میں مزید اضافہ وقت کی ضرورت ہے ، سندھ میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
اس موقع پر اٹلی کے نئے قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ اٹلی نے پاکستانی صنعت کاروں کو بزنس ویزادینا شروع کردیا ہے۔
یاد رہے پاکستانی سفیر جوہر سلیم نے کہا تھا اٹلی نے پاکستانی ورکرز کے لیے ورک ویزے کی اجازت دے دی ہے، اٹلی رواں سال 30 ہزار ورک ویزے جاری کرے گا۔
جوہر سلیم کا کہنا تھا کہ 2 سال کی کوششوں کے بعد پاکستان دوبارہ ورک ویزا لسٹ میں شامل ہوا ہے، اٹلی میں مقیم پاکستانیوں کا بھی مطالبہ تھا کہ پاکستانی ورکرز کو ویزا دیا جائے، ورک ویزوں کے اس موقع سے شعبہ زراعت، سیاحت، تعمیرات اور فریٹ سے منسلک لوگ فائدہ اٹھا سکتے ہیں، ہماری کوشش ہوگی کہ پاکستانی ورکرز اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔