جیکب آباد(15 مئی 2026): جیکب آباد میں سی آئی اے پولیس نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران ٹرک سے 55 کلو چرس برآمد کر کے گاڑی کو تحویل میں لے لیا ہے، تاہم ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق سی آئی اے کی ٹیم نے مشتبہ ٹرک کو روک کر تلاشی لی تو اس کے خفیہ خانوں سے پچپن کلو چرس برآمد ہوئی۔ کارروائی کے دوران ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے منشیات اور ٹرک کو تھانے منتقل کر کے مفرور ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
ایس ایس پی جیکب آباد کیپٹن ریٹائرڈ فیضان علی نے اس کامیاب کارروائی پر سی آئی اے اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں شاباش دی ہے۔
دوسری جانب راولپنڈی میں مبینہ طور پر خاتون منشیات فروش کو گرفتار کر کے 10 کلو چرس بر آمد کر لی گئی۔راولپنڈی کے تھانہ نصیر آباد کی پولیس نے خاتون کو مبینہ طور پر مصریال گاؤں حبیب کالونی سے گرفتار کیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والی خاتون اپنے شوہر کے ہمراہ منشیات لے کر جا رہی تھی۔حکام کا کہنا ہے کہ خاتون کا شوہر موقع سے فرار ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


