جیکب آباد میں سوشل میڈیا پر کمنٹس کرنے کے معاملے بااثر وڈیرے کی جانب سے نوجوان کو مبینہ طور پر قرآن پاک اٹھا کر معافی مانگنے پر مجبور کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق جیکب آباد کی یوسی مبارک پور کے گاؤں نظام دین مستوئی سے مبینہ ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے جس میں نوجوان کو قرآن پاک اٹھا کر معافی مانگتے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو میں نوجوان کی والدہ بھی سر سے دوپٹہ اتار کر معافی کی درخواست کرتی دکھائی دیتی ہے۔
دعویٰ کیا جارہا ہے کہ سوشل میڈیا پر کمنتس کرنے کے تنازع پر بااثر افراد نے نوجوان اور اس کے خاندان پر دباؤ ڈالا، واقعے کے بعد شہری اور سماجی حلقوں نے شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
بعدازاں ایس ایس پی فیضان علی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی ٹھل کو انکوائری کی ہدایت دے دی ہے۔
ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ انکوائری رپورٹ آنے کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


