جیکب آباد میں خاتون کو فروخت کرنے کے کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے پولیس نے خاتون کو امانت کے طور پر رکھنے والے امیر بخش کو حراست میں لے لیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ فروخت کی گئی خاتون کو مقامی عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
ملزم امیر بخش نے عدالت میں بیان دیا کہ خاتون کو کو سردار صابر جکھرانی نے امانت کے طور پر رکھنے کے لیے دیا تھا، سردار صابر نے کہا خاتون کی شادی تک اپنے پاس رکھو۔
یہ پڑھیں: جیکب آباد میں 6 لاکھ روپے میں فروخت کی گئی خاتون تھانے پہنچ گئی
امیر بخش کے مطابق خاتون کو 6 لاکھ روپے میں برڑو قبیلے کے شخص نے فروخت کیا تھا، 70 ہزار موقع پر دیے گئے باقی رقم یکم دسمبر کو نکاح کے بعد دی جانی تھی۔
ملزم نے کہا کہ خاتون بیماری کا بہانہ کرکے میری اہلیہ کے ساتھ گاؤں سے شہر آئی، خاتون نے رکشہ ڈرائیور سے کہا انہیں تھانے لے جائیں، تھانے پہنچ کر خاتون نے دہائی دی کہ اسے 6 لاکھ روپے میں فروخت کیا گیا۔
خاتون کا کہنا ہے کہ میرے والد اور دیگر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے انصاف کیا جائے، پولیس تاحال ملزمان کے خلاف کسی بھی کارروائی سے قاصر ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


