ممبئی (15 فروری 2026): بالی وڈ اداکارہ جیکلین فرنانڈیز کو ویلنٹائن ڈے کے موقع پر 30 کروڑ روپے مالیت کا ہیلی کاپٹر بطور تحفہ مل گیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق یہ دعویٰ 200 کروڑ روپے منی لانڈرنگ کیس میں سزا پانے والے سوکیش چندر شیکھر نے جیل سے جیکلین فرنانڈیز کے نام لکھے گئے خط میں کیا ہے۔
سوکیش چندر شیکھر اس وقت منی لانڈرنگ کے کیس میں جیل کاٹ رہا ہے۔ جیل میں ہونے کے باوجود وہ مسلسل بالی وڈ اداکارہ کے نام محبت بھرے خطوط بھیجتا رہتا ہے اور حالیہ خط ویلنٹائن ڈے کے موقع پر سامنے آیا۔
یہ بھی پڑھیں: جیکلین فرنانڈیز اپنے متعلق پھیلائی گئیں منفی خبروں پر بول پڑیں
جیکلین فرنانڈیز کو مخاطب کرتے ہوئے سوکیش چندر شیکھر نے اداکارہ کے ساتھ اپنے تعلقات کے دعوے کو مزید پختہ انداز میں دہرایا۔
خط میں اس نے لکھا کہ میں نے ایک خاص تحفے کا انتظام کیا ہے جو تم جیسی ملکہ کے شایانِ شان ہے۔ دراصل اس نے اپنی گرل فرینڈ کو ایک پُرتعیش Airbus H-Series ہیلی کاپٹر تحفے میں دیا ہے جس کی مالیت 30 کروڑ روپے ہے۔
مہنگے ہیلی کاپٹر کے بارے میں بات کرتے ہوئے اس نے دعویٰ کیا کہ اس کو خاص طور پر اداکارہ کے نام کے حروف JF کے ساتھ ڈیزائن اور تیار کیا گیا۔
جیکلین فرنانڈیز نے ابھی تک اس خط کا کوئی جواب نہیں دیا اور نہ ہی عوامی سطح پر کوئی تبصرہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب سوکیش چندر شیکھر نے بالی وڈ اداکارہ کو مہنگا تحفہ دینے کا دعویٰ کیا ہو۔ اداکارہ کی 40ویں سالگرہ پر بھی اس نے انہیں 25 کروڑ روپے اور میٹا (Meta) کے 50,000 شیئرز دینے کا دعویٰ کیا تھا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


