جعفر آباد: بلوچستان کے ضلع جعفرآباد سے مبینہ اغوا ہونے والی سیلاب متاثرین کی پانچ سالہ بچی نہ ملی، پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
ایس ایس پی جعفرآباد جواد طارق نے میڈیا کو بتایا کہ اکتیس اگست کی رات یہ واقعہ پیش آیا، ورثا نےپہلےخود بچی کو تلاش کیا پھرہم سےرابطہ کیا، ہم نے نامعلوم افراد کیخلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے۔
جواد طارق نے بتایا کہ سیلاب متاثرین کے ٹینٹس میں بچی کی تلاش جاری ہے، بچی کی بازیابی کے لئے متاثرہ فیملی کےقریب رہنےوالے خاندانوں سے بھی رابطہ کیاجارہاہے تاہم ابھی تک بچی سے متعلق کچھ شواہد نہیں ملے۔
یہ بھی پڑھیں: سیلاب متاثرہ خاندان کی پانچ سالہ بچی لاپتہ
واضح رہے کہ جعفر آباد کے سیلاب متاثرین پر ٹوٹنے والی قیامت کی خبر اے آر وائی نیوز نے گذشتہ روز نشر کی تھی، بچی کی والد ہ نے بتایا کہ بیٹی رات ساتھ سوئی تھی جب صبح اُٹھی تو وہ غائب تھی۔
والدین کا کہنا تھا کہ صبح سے شام تک بیٹی کو قریبی علاقوں میں ڈھونڈتے ہیں، پولیس یا انتظامیہ کی جانب سے ابھی تک کوئی مدد نہیں کی گئی،ماں نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اسے کچھ نہیں چاہیے بس بچی تلاش کرکے واپس لادیں۔