تازہ ترین

جہانگیر ترین نے نئی جماعت ’استحکام پاکستان پارٹی‘ کا باضابطہ اعلان کر دیا

لاہور: سیاسی رہنما جہانگیر ترین اور علیم خان کی جانب سے نئی سیاسی جماعت ’استحکام پاکستان پارٹی‘ کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا۔

جہانگیر ترین نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ نئی سیاسی جماعت ’استحکام پاکستان پارٹی‘ کا اعلان کرتا ہوں، ہم سب کا ایک ہی مقصد ہے کہ ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں، سیاست میں تاخیر سے آیا لیکن کسی مقصد کیلیے آیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک میں اصلاحات کیلیے پی ٹی آئی کو مضبوط کرنے میں محنت کی، آئندہ دنوں میں ایسے شواہد آ جائیں گے کہ ہم نے کس قسم کی محنت کی، پاکستان میں اصلاحات لانا ہمارا مقصد تھا جس کیلیے ہم نے محنت کی، بدقسمتی سے ایسا نہیں ہو سکا اور لوگ پی ٹی آئی سے بد دل ہونا شروع ہوگئے، پی ٹی آئی کا وہ منشور نہیں تھا جس پر وہ چل پڑی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات نے سیاست کو تبدیل کر کے رکھ دیا، 9 مئی کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہوگا، ایم ایم عالم کے جہاز کے ماڈل کو بھی جلا دیا گیا جو انتہائی غلط اقدام تھا، ایسی مثال قائم کی گئی کہ کل کوئی بھی ہجوم کسی کے بھی گھر پر حملہ کر دے۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں کے واقعات نے ہماری معیشت کو بہت نقصان پہنچایا، ایسے حالات بنا دیے گئے کہ لوگوں کی امیدیں دم توڑ دی گئیں، پاکستان کو آج ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو سیاسی اور سماجی تقسیم ختم کرے اور جو قوم کو امید کا قومی بیانیہ دے۔

’آنے والے دنوں میں ہماری جماعت میں اور لوگ بھی شامل ہوں گے۔ پرامید ہیں کہ آنے والے الیکشن میں بہتر سے بہتر نتائج حاصل کریں۔ پاکستان کی عوام کی خواہشات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ آنے والے دنوں میں اپنا ایجنڈا سامنے لائیں گے۔‘

Comments

- Advertisement -