لاہور: جہانگیرترین نے پاکستان تحریک انصاف کے ناراض اراکین کو بھی ساتھ ملانے کی تیاری کرلی ، وہ جلد بیس ارکان سے ملاقات کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق جہانگیرترین نے پاکستان تحریک انصاف کے ناراض اراکین کو بھی ساتھ لینے کا فیصلہ کرلیا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیرترین جلد ناراض اراکین سے ملاقات بھی کریں گے ، صوبائی اسمبلی کے 20 سے زائد ناراض اراکین شامل ہیں۔
ذرائع نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین نے ناراض ارکان سے ملاقات کا ٹاسک قریبی ساتھیوں کو دے دیا ہے۔
یاد رہے آج عدالت میں پیشی سے پہلے تحریک انصاف کے ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی نے جہانگیر سے ملاقات کی ، جس میں وزراء نے جہانگیر ترین پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا تھا۔
ملاقات کرنے والوں میں قومی اسمبلی کے رکن راجہ ریاض ، غلام بی بی بھروانہ ، خرم لغاری ، صوبائی وزیر ملک نعمان لنگڑیال اور دیگر شریک تھے۔
اراکین کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین پارٹی کا اثاثہ ہیں ، جنہوں نے مشکل ترین وقت میں پارٹی کی تنظیم نو اور اس متحرک کرنے کے لیے اپنا فعال کردار ادا کیا۔
بعد ازاں پنجاب حکومت نے جہانگیرترین کی حمایت کرنے والے ارکان کی فہرست تیار کرلی، اراکین سے متعلق حتمی فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔