بھارتی فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار رجنی کانت کی نئی تامل فلم ”جیلر“ نے باکس آفس پر پانچ دنوں کے دوران سب سے زیادہ بزنس کر لیا، فلم نے صرف پانچ دنوں کے دوران 350 کروڑ کما لیے۔
2023 کی اگر بات کی جائے تو یہ پانچ دنوں کے دوران سب سے زیادہ کمانے والی تامل فلم ہے، جس نے دیگر تامل فلموں کو زیادہ کمانے کی دوڑ میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
اس فلم کی ہدایت کاری نیلسن دلیپ کمار نے کی ہے، جب کہ فلم ”جیلر“ میں موہن لال، جیکی شروف، تمنا بھاٹیہ، رامیا کرشنن، شیوراج کمار، اور ناگیندر بابو سمیت دیگر اداکار بھی ہیں۔
فلم ”جیلر“ نے ہندوستان میں تمام زبانوں میں 174.15 کروڑ روپے کمائے ہیں، ایک رپورٹ کے مطابق صرف تامل ورژن نے ہندوستان میں ریلیز کے پانچ دنوں میں 139.05 کروڑ روپے کمائے، تیلگو ورژن نے 32.55 کروڑ روپے کمائے، جب کہ ہندی ورژن نے کل 1.25 کروڑ روپے کمائے ہیں۔
ہندوستانی باکس آفس پر اس فلم کے مجموعی بزنس کی بات اگر کی جائے تو 400 کروڑ روپے کے قریب پہنچ چکا ہے، واضح رہے کہ فلم جیلر کے ریلیز ہونے کے ایک دن بعد ہی غدر 2 اور OMG 2 بھی ہندی سنیماؤں میں ریلیز ہوئی تھیں اور ان فلموں نے بھی کھڑکی توڑ رش لیا۔