لاہور : پولیس نے جعلی جج بن کر لوگوں کو لوٹنے والے نوسرباز کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق جعلی مشروبات، جعلی ادویات، جعلی چیف جسٹس اور دیگر جعلی اشیاء کے بعد جعلی جج بھی منظر عام پر آگیا۔
نواب ٹاؤن پولیس نے کارروائی کرکے سپریم کورٹ کا جج بن کر لوگوں کو لوٹنے والے نوسرباز کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ برطانوی نژاد پاکستانی ڈاکٹر فائز علی جعلی جج بن کر جوہر ٹاؤن کی متنازعہ زمین ہتھیانے کی کوشش کررہا تھا جس کی مالیت پانچ کروڑ روپے ہے۔
پولیس کے مطابق نوسرباز جعلی جج کے ساتھ ایک پٹواری بھی شامل ہے۔ نوسرباز ملزم ڈاکٹر فائز علی نے جعلی جج بن کر کراچی کے ایس ایس پی راؤ انوار کو فون کرکے ایک پیشی کا بھی حکم دیا تھا۔ لیکن بعد میں بھانڈا پھوٹ گیا۔
ملزم دیگر مقدمات میں کراچی پولیس کو بھی مطلوب ہے اور تفتیش کے دوران مزید انکشافات متوقع ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل جعلی چیف جسٹس آف پاکستان بن کر لوگوں کو لوٹنے والا نوسرباز بھی گرفتار کیا جا چکا ہے۔