کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا ہے کہ جو قومین خواتین کو ترقی کے عمل میں شریک کرتی ہیں وہ تیزی سے ترقی کے زینے طے کرتی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جام کمال خان نے بلوچستان کی پہلی خاتون محتسب محترمہ صابرہ اسلام سے ملاقات کے دوران کہا کہ خواتین ملک کی آبادی کا نصف ہے جو ملک کی تعمیر و ترقی میں بھرپور اور فعال کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ خواتین تمام شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں، قانون، تعلیم، صحت، معیشت، سیاست، آئی ٹی اور کھیل کے شعبوں میں خواتین کا بھرپور کردار روز روشن کی طرح عیاں اور ملک کے لیے باعث فخر ہے۔
جام کمال خان نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین ملک کی دیگر خواتین سے پیچھے نہیں ہیں اور جس بھی شعبہ زندگی میں انہیں صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملا ہے انہوں نے ملک اور صوبے کا نام روشن کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے بجٹ میں سوشل پروٹیکشن کے تحت خواتین کو بھی معاشی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع میسر ہوں گے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ اور احترام معاشرے پر فرض ہے اور بلوچستان میں خاتون محتسب کی تعیناتی اہم پیش رفت ہے جس کا مقصد خواتین کو قانونی رہنمائی ومعاونت فراہم کرنا ہے۔
جام کمال خان نے کہا کہ وومن محتسب ڈائریکٹریٹ کو بھرپور طور پر فعال کیا جائے گا اور وویمن محتسب ڈائریکٹوریٹ کا قیام جلد عمل میں لایا جائے گا جو خواتین کو قانونی تحفظ اور رہنمائی فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
دوسری جانب محترمہ صابرہ اسلام نے حقوق نسواں کے تحفظ اور خواتین کو ترقی کے مواقعوں کی فراہمی کے حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان کے ویژن کو قابل تعریف قرار دیتے ہوئے یقین دلایا کہ وویمن محتسب ڈائریکٹریٹ اس ضمن میں اپنے فرائض کی ادائیگی کو یقینی بنائے گا۔