کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر عبدالقدوس بزنجو نے ایک بار پھر صوبائی وزیراعلیٰ کو اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکربلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو مائنس جام کمال پر ڈٹ گئے ہیں، وہ آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے کوئٹہ کے لیے روانہ ہوں گے جہاں اس اہم معاملے سے متعلق مستقبل کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
ذرایع کا کہنا ہے کہ عبدالقدوس بزنجو نے ناراض ارکان پر مشتمل مشاورتی اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ممکنہ اجلاس میں جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر مشاورت کی جائے گی، اہم بیٹھک میں اپوزیشن جماعتوں سے بات چیت پر بھی غور کیا جائے گا۔
تحریک عدم اعتماد: جام کمال نے استعفیٰ نہ دینے کی وجہ بتادی
ناراض رہنماؤں نے وزیراعلی بلوچستان کو شام تک مستعفی ہونے کی مہلت دی ہے۔
ادھر بی این پی عوامی کے رکن اسد بلوچ نے دھمکی دی ہے کہ جام کمال نے استعفیٰ نہ دیا تو ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد سمیت مختلف آپشنز کا اعلان کریں گے۔
انہوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے کہ بلوچستان میں معاملات خراب ہوتے جا رہے ہیں، جام صاحب نے خود کو عقل کُل سمجھا اور اکیلے صوبہ چلانےکی کوشش کی، وہ مستعفی ہوں کیوں کہ استعفیٰ صوبے کے مفاد میں ہے، لیکن جام کمال بہ ضد ہیں، ہمارا یہ اتحاد عوام کو ریلیف دینے کے لیے قائم کیا گیا تھا۔