لاہور(27 نومبر 2025): امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے 7 دسمبر کو پورے پنجاب میں بلدیاتی قانون کیخلاف احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
لاہور میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بلدیاتی حکومت کے اختیارات کی بحالی پر لائحہ عمل بنایا ہے، بلدیاتی قانون کیخلاف سڑکوں اور عدالتوں میں جائیں گے، 7 دسمبر کو پورے پنجاب میں بلدیاتی قانون کیخلاف احتجاج کئے جائیں گے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل پر حکومت کو مزید استحصال نہیں کرنے دینگے، تحریک بدل دو نظام کو آگے بڑھائیں گے اور عوامی مسائل پر بڑے دھرنوں اور اسمبلیوں کا گھیراؤ کریں گے۔
حافظ نعیم نے کہا کہ دنیا میں تعلیم، پولیس اور انتظامی امور بلدیاتی حکومتوں کے پاس ہوتے ہیں، پکے کے ڈاکوؤں اور کچے کے ڈاکوؤں سے سندھ کے لوگوں کو لوٹا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں نظام کی تبدیلی کی تحریک عالمی سطح پر چلائیں گے جس کا دفتر پاکستان میں ہوگا، پیپلزپارٹی نےکراچی میں کرپشن کر رکھی ہے اس کیخلاف آواز اٹھائیں گے، جنہوں نےکراچی میں گند ڈالا ہے وہ ہی کراچی کا گند صاف کریں۔


