میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کیخلاف تحریک عدم اعتماد کےلیے جماعت اسلامی نے ن لیگ سے رابطہ کر لیا۔
اس حوالے سے سٹی کونسل کراچی میں ن لیگ پارلیمانی پارٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں ارکان نے کہا کہ میئر کراچی کے غلط کاموں میں حصہ دار بننے کو تیار نہیں ہیں۔
ن لیگ ارکان سٹی کونسل کراچی نے ہم خیال جماعتوں سے رابطے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ میئرکراچی ہوش کے ناخن لیں عوام کا اعتماد بری طرح متاثر ہوا۔
ن لیگ کے پارلیمانی لیڈر فیروزخان کا کہنا ہے کہ میئرکراچی وزیراعظم کی فکر چھوڑ کر اپنی کارکردگی پر توجہ دیں، میئر کراچی کے ماتحت بلدیہ عظمیٰ کا نظام مکمل ناکام ہو چکا ہے۔
اپوزیشن لیڈر کے ایم سی جماعت اسلامی سیف الدین ایڈوکیٹ کا کہنا ہے کہ قابض میئر کراچی بوکھلاہٹ کا شکار ہے قابض میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی گفتگو دراصل ناکامی کا اعتراف ہے، کراچی کو لوٹ کا مال سمجھنے والے کوئی اور نہیں بلکہ خود پیپلز پارٹی کے حکمران ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے 17 سالہ دور حکومت میں کراچی کھنڈرات میں تبدیل ہے عوام اب سوال کر رہے ہیں، اور جواب سے پیپلز پارٹی کی گھبراہٹ واضح نظر آ رہی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


