The news is by your side.

Advertisement

جیمز اینڈرسن کی ٹیسٹ کرکٹ میں 600 وکٹیں مکمل

ساؤتھمپٹن: انگلش ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن ٹیسٹ کرکٹ میں 600 وکٹیں مکمل کرنے والے دنیا کے پہلے فاسٹ بولر بن گئے۔

تفصیلات کے مطابق ساؤتھمپٹن ٹیسٹ کے آخری روز جیمز اینڈرسن نے اظہر علی کو آؤٹ کرکے 600 وکٹیں مکمل کرنے کا اعزاز حاصل کیا، اینڈرسن نے 155ویں ٹیسٹ میچ میں یہ سنگ میل عبور کیا۔

اظہر علی دوسری اننگز میں 103 کے مجموعی اسکور پر جیمز اینڈرسن کی گیند پر جو روٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

جیمز اینڈرسن نے پاکستان کے خلاف سیریز سے قبل 593 وکٹیں حاصل کررکھی تھیں، سیریز میں 7 وکٹیں مزید حاصل کرکے انہوں نے 600 وکٹیں مکمل کیں۔

فاسٹ بولر نے 2003 میں زمبابوے کے خلاف ڈیبیو کیا اور ٹیسٹ کیریئر میں سب سے زیادہ 110 وکٹیں بھارت کے خلاف حاصل کیں جبکہ پاکستان کے خلاف ان کی وکٹوں کی تعداد 60 ہے۔

واضح رہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز سری لنکا کے مرلی دھرن کے پاس ہے ان کی وکٹوں کی تعداد 800 ہے، آسٹریلیا کے شین وارن 708 وکٹوں کے ساتھ دوسرے، بھارت کے انیل کمبلے 619 وکٹوں کے ساتھ تیسرے اور جیمز اینڈرسن 600 وکٹوں کے ساتھ چوتھے اور آسٹریلیا کے گلین میگرا 563 وکٹوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

Comments

یہ بھی پڑھیں