ہمارے ملک میں کپاس کثرت سے ہوتی ہے۔ آپ نے کپاس کے پودے اور کھیت دیکھے ہوں گے۔ کپاس سے روئی اور روئی سے دھاگا اور کپڑا حاصل کیا جاتا ہے۔ اُون بھیڑوں سے حاصل کی جاتی ہے۔ روئی اور اون سے ہزاروں سال سے دھاگا حاصل کیا جا رہا ہے اور سوتی اور اونی کپڑا تیار کیا جارہا ہے۔
کپڑے کی تیاری میں دو مراحل آتے ہیں۔ کاتنا اور بُننا۔ کاتنے کے لیے ہمیشہ سے چرخا استعمال ہوتا رہا ہے لیکن ظاہر ہے کہ یہ ایک سست اور محنت طلب عمل ہے۔ اس دقت کو دور کرنے کے لیے لنکا شائر کے ایک جولاہے نے جس کا نام جیمز ہارگریوز تھا، ایک مشین ایجاد کی۔ سال تھا 1764ء، قصہ یوں مشہور ہے کہ اس کا پیر اتفاق سے اس کی بیوی کے چرخے سے ٹکرا گیا۔ چرخا اُلٹ گیا اور گھومنے لگا۔ اسے خیال آیا کہ کیوں نہ ایسی مشین بنائی جائے جو ایک ہی وقت میں کئی دھاگے کاتے۔
اس نے اپنی محنت سے بالآخر ایک ایسی مشین بنائی جو ایک وقت میں آٹھ دھاگے نکالتی تھی جن کی تعداد بڑھ کر چھتیس ہو گئی۔ آئندہ بیس سال کے عرصے میں تین اور ایجادات سامنے آئیں جنھوں نے برطانیہ کو ایک عظیم صنعتی ملک بنا دیا۔ ہارگریوز کی ایجاد کے چار سال بعد سَر رچرڈ آرک رائٹ نے کاتنے کی ایک ایسی مشین بنائی جسے پہلے گھوڑے چلاتے تھے اور پھر اسے چرخاب یعنی پانی سے گھومنے والے پہیّے سے چلایا جانے لگا۔ ایک اور موجد سیموئل کرومپٹن نے ان دونوں مشینوں کو ملا کر ایک نئی مشین بنا لی۔
چوتھی ایجاد کا سہرا ایڈمنٹ کارٹ رائٹ کے سَر ہے جس کا سال 1785ء تھا اور یہ تھا مشینی کرگھا۔ اس وقت تک کپڑا دستی کرگھوں پر بُنا جاتا تھا لیکن کارٹ رائٹ نے اس مقصد کے لیے مشین کا استعمال شروع کیا۔ یہ مشینیں مقبول ہوئیں۔ کپڑا بُننے کے کارخانے چلنے لگے۔ برطانیہ کا بُنا ہوا کپڑا دوسرے ملکوں کو بھی برآمد کیا جانے لگا۔ اپنی صنعت اور برآمدات کی بدولت ہی برطانیہ دنیا کا امیر ملک بن گیا۔
(علی ناصر زیدی کتاب عظیم ایجادات سے ایک معلوماتی تحریر)


