اسلام آباد: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک امریکا تعلقات، خطے کی صورتحال سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس آج ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچے جہاں وزارت خارجہ اور وزارت دفاع کے حکام نے نور خان ایئر بیس پر ان کا استقبال کیا۔
پاکستان پہنچنے کے بعد وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے امریکی وزیر دفاع نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک امریکا تعلقات، خطے کی صورتحال سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وفاقی وزرا خرم دستگیر، احسن اقبال، خواجہ آصف، ڈی جی آئی ایس آئی، مشیر قومی سلامتی، دیگر حکام اور امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل بھی موجود تھے۔
جیمز میٹس وزیر اعظم سے ملاقات کرنے کے بعد آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں سیاسی و عسکری امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔
خیال رہے کہ امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے پاکستان سمیت مختلف ممالک کے دورے پر روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر دفاع کی حیثیت سے پاکستان کا پہلا دورہ کر رہا ہوں۔
امریکی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان میں محفوظ پناہ گاہیں ختم کرنے کے مطالبے کو دہرائیں گے جبکہ پاکستان سے جنوبی ایشیا کی نئی پالیسی پر تفصیلی بات ہوگی۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔