جامشورو(16 اپریل 2026): کوٹری سائٹ کے علاقے میں شادی کی تقریب اس وقت سوگ میں تبدیل ہوگئی جب ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
پولیس حکام کے مطابق حادثہ شادی کی خوشی میں کی جانے والی فائرنگ کے دوران پیش آیا۔ تقریب کی ویڈیو بنانے والا مووی میکر گولی لگنے کی وجہ سے شدید زخمی ہوا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاش کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کی جانب سے واقعے کی تحقیقات اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ فائرنگ کرنے والے ذمہ داران کا تعین کیا جا سکے۔
اس سے قبل منگھوپیر کے علاقے غازی گوٹھ میں شادی میں کی جانے والی فائرنگ سے دو کمسن بچیاں زخمی ہوئیں جنہیں چھیپا رضاکاروں نے فوری طبی امداد کیلیے اسپتال منتقل کیا۔
ایس ایچ او منگھوپیر نے اس حوالے سے بتایا تھا کہ واقعہ شادی کی خوشی میں کی جانے والی ہوائی فائرنگ سے پیش آیا، جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر دلہا کے والد کو حراست میں لیکر تھانے منتقل کر دیا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


