پاکستان کے معروف فلم ڈائریکٹر و پروڈیوسر سید نور کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاکر جنت مرزا کو اپنی فلم ’تیرے باجرے کی راکھی‘ میں لینا تباہی کے سوا کچھ نہیں تھا۔
سوشل میڈیا پر ہدایت کار سید نور کا کلپ وائرل ہورہا ہے جس میں ان سے سوال کیا گیا کہ ’بہت سے افراد سوشل میڈیا کے ذریعے مشہور ہوتے ہیں اور انہیں فالوورز دیکھ کر کاسٹ کیا جاتا ہے پھر وہ اسٹار بن جاتے ہیں، آپ نے بھی ایک تجربہ کیا لیکن وہ کامیاب کیوں نہیں ہوسکا؟‘
سید نور نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’جنت مرزا کو اپنی فلم ’تیرے باجرے کی راکھی‘ میں کاسٹ کرنا تباہی کے سوا کچھ نہیں تھا، وہ فلم اتنی محنت سے بنائی گئی تھی لیکن اسے دیکھنے لوگ سنیما میں نہیں آئے۔‘
انہوں نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ لوگوں کا یہ نظریہ ہوگا کہ جنت مرزا ہم ٹک ٹاک پر دیکھ لیتے ہیں تو سنیما جاکر کیا کریں گے۔
یہ پڑھیں: سید نور نے جنت مرزا کی فلم انڈسٹری میں فلاپ ہونے کی وجہ بیان کردی
ہدایت کار نے کہا کہ پہلے جو فلمیں ہوتی تھیں تو ان اداکاروں کے مداح ہوتے تھے جیسے وحید مراد، ندیم، جاوید شیخ کی فلم آرہی ہو تو لوگ انتظار کرتے تھے کہ جاکر سنیما میں دیکھیں گے۔
سید نور نے کہا کہ ابھی کے اداکاروں کے فالوونگ نہیں ہے جنہیں دیکھنے کے لیے لوگ انتظار کریں، کسی فلم کی چینل پر پروموشن ہوتی ہے تو لوگ دیکھنے چلے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب سنیما ویسے بھی خالی ہوگیا ہے، پہلے خواتین جاتی تھیں کہ دیکھیں گے کہ شمیم آرا نے ساڑھی کس ڈیزائن کی پہنی ہے۔
واضح رہے کہ تیرے باجرے کی راکھی عید الفطر 2022 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں مرکزی کردار جنت مرزا اور عبداللہ خان نے نبھایا جبکہ دیگر کاسٹ میں صائمہ نور، مصطفیٰ قریشی، بابر علی، افتخار ٹھاکر ودیگر شامل تھے تھے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


