اسلام آباد: پاکستان میں تعینات جاپانی سفیر کونینوری مٹسوڈا نے کہا ہے کہ کرونا ٹیسٹنگ میں اضافے کے لیے ممکنہ معاونت کرنا چاہتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جاپانی سفیر کونینوری مٹسوڈا نے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل سے ملاقات کی۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان بیک وقت کرونا اور ٹڈی دل کے مسائل کا شکار ہے۔
جاپانی سفیر نے پاکستان میں کرونا کے بڑھتے کیسز پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ کرونا ٹیسٹنگ میں اضافے کے لیے ممکنہ معاونت کرنا چاہتے ہیں۔
دوسری جانب چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ ٹڈی دل،کرونا کے ساتھ مون سون میں سیلاب متوقع ہے،مشکل وقت میں تعاون پر جاپانی حکومت کے شکرگزار ہیں۔چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ ٹڈی دل کےتدارک کے لیے جدیدمشینری حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا سے ریکارڈ 105 افراد انتقال کر گئے
واضح رہے کہ پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں ریکارڈ 105 اموات ہوئیں جو ایک دن میں اب تک کی سب سے زیادہ اموات ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اَپ ڈیٹ کے مطابق نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین سے پاکستان بھر میں 108,317 افراد متاثر ہو چکے ہیں، جب کہ اموات کی تعداد 2,172 ہو گئی ہے۔