تازہ ترین

جاپان: کرونا ویکسین پاسپورٹ کے لیے درخواستوں کی وصولی شروع

ٹوکیو: جاپان نے ویکسین پاسپورٹ کے لیے درخواستیں وصول کرنا شروع کر دیں۔

تفصیلات کے مطابق جاپان نے کرونا وائرس کے خلاف مکمل ویکسینیشن کرانے والے افراد کے ویکسین پاسپورٹ کے لیے درخواستیں قبول کرنا شروع کر دی ہیں، تاکہ وہ بین الاقوامی سفر کر سکیں۔

جاپان کے حکام کا کہنا ہے اٹلی، آسٹریا، ترکی، بلغاریہ، اور پولینڈ نے جاپانی سرٹیفکیٹس رکھنے والے افراد کے لیے کرونا وائرس کے قرنطینہ قواعد میں نرمی کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

حکام کے مطابق جنوبی کوریا جاپانی سرٹیفکیٹ کو مطلوبہ دستاویزات میں سے ایک کے طور پر قبول کرے گا، اور اس کے حامل افراد کو قرنطینہ کی شرط سے استثنیٰ دیا جائے گا۔

حکام کا یہ بھی کہنا تھا کہ جاپانی حکومت اس وقت اپنے ویکسین پاسپورٹ کے استعمال کے سلسلے میں دیگر ممالک کے ساتھ بھی بات چیت کر رہی ہے، حکام کے مطابق ویکسین سرٹیفکیٹ بلدیاتی اداروں کی جانب سے مفت جاری کردہ سرکاری دستاویز ہوگی، جس میں لگنے والی ویکسین، ویکسینیشن کی تاریخ اور نام و پاسپورٹ نمبر جیسی ذاتی معلومات درج ہوں گی۔

حکام کی جانب سے طریقہ کار بھی بتایا گیا ہے، جس کے مطابق ایک کامیاب درخواست کے لیے ذاتی طور پر یا بذریعہ میل کچھ دستاویزات جمع کرانے کی ضرورت ہوگی، جن میں درخواست فارم، پاسپورٹ اور ویکسینیشن ٹکٹس شامل ہیں۔

Comments

- Advertisement -