ٹوکیو (09 فروری 2026): جاپان میں قبل از وقت پارلیمانی انتخابات میں حکمران اتحاد کی دو تہائی اکثریت سے کامیابی سے اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپانی اسٹاک مارکیٹ میں پیر کے روز ریکارڈ تیزی دیکھی گئی، جب وزیر اعظم سانائے تاکائیچی کی لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (ایل ڈی پی) نے تاریخی انتخابی کامیابی حاصل کی۔
ٹوکیو اسٹاک مارکیٹ کھلتے ہی نکئی تاریخ کی بلند ترین 55,681.11 سطح پر پہنچ گیا، نکئی 225 انڈیکس میں 2.6 فی صد اضافہ ہوا، حکومتی بانڈز کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی، نکئی 225 دوران کاروبار اب تک کی بلند ترین سطح 4.2 فی صد تک اوپر گیا۔
سانائے تاکائیچی کے قدامت پرست حکمراں اتحاد کی کامیابی سے ٹیکس کٹوتیوں اور فوجی اخراجات بڑھانے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ اتوار کو ہونے والے انتخابات میں ایل ڈی پی نے 465 میں سے 316 نشستیں حاصل کیں۔ یہ 1947 میں جاپانی پارلیمنٹ کے موجودہ نظام کے قیام کے بعد پہلی بار ہے کہ کسی ایک جماعت نے ایوانِ زیریں میں دو تہائی اکثریت حاصل کی ہو۔
ایل ڈی پی کی اتحادی جماعت، جاپان انوویشن پارٹی، نے مزید 36 حلقوں میں کامیابی حاصل کی، جس کے بعد اتحادی جماعتوں کی مجموعی نشستیں 352 ہو گئیں۔
بی بی سی کے مطابق یہ شان دار مینڈیٹ وزیرِ اعظم تاکائیچی کے لیے ایک بڑا جوا تھا جو کامیاب ثابت ہوا۔ اب انھیں جاپان کی سست روی کا شکار معیشت کو بحال کرنے اور مہنگائی سے جڑے مسائل حل کرنے کا چیلنج درپیش ہے۔
سانائے تاکائیچی گزشتہ سال حکمراں جماعت لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ بنی تھیں، فیصلہ کن فتح سے تاکائیچی کو یہ موقع ملے گا کہ وہ اپوزیشن جماعتوں سے طویل مذاکرات کے بغیر اپنی کاروبار دوست پالیسیوں کو آگے بڑھا سکیں گی۔ انھوں نے اتوار کے روز صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ وہ ’’ذمہ دار مگر جارحانہ‘‘ مالیاتی پالیسی اپنائیں گی اور کابینہ میں ردوبدل نہیں کریں گی، جو چار ماہ سے بھی کم عرصہ قبل تشکیل دی گئی تھی۔
یاد رہے کہ جاپان کی پہلی خاتون وزیرِ اعظم نے گزشتہ ماہ اچانک انتخابات کا اعلان کیا تھا، حالاں کہ وہ اکتوبر میں ہی اقتدار میں آئی تھیں۔ مارکیٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ تاکائیچی کی پالیسیاں جاپانی معیشت کو تقویت دے سکتی ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


