اسلام آباد: جاپان نے پاکستان کو کروناوائرس کے خلاف جنگ میں 2.5 ارب روپے کی گرانٹ کی توسیع کردی۔
تفصیلات کے مطابق جاپان کے سفیر نے وفاقی وزیراقتصادی امور خسرو بختیار سے ملاقات کی۔ اس موقع پر جاپانی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو 2.5ارب روپے کی گرانٹ امداد میں توسیع کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امداد سے پاکستانی عوام کو عالمی وبا کے خلاف لڑنے میں مدد ملے گی، مدد سے معیشت کی بحالی کے پاکستان کی صلاحیت کو تقویت ملے گی۔
جاپانی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ برآمدی اور درآمدی متبادل صنعتوں کے شعبے میں مزید امکانات ہیں۔ دریں اثنا وفاقی وزیر خسروبختیار نے جاپان کا پاکستان کی عوام اور حکومت کی جانب سے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
پاکستان میں کرونا مریضوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرگئی
وزیر نے کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ قریبی اور دوستانہ تعلقات کی قدر کرتا ہے۔
خیال رہے پاکستان میں کرونا وائرس کے پے در پے حملے جاری ہیں، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 742 نئے کرونا کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھر میں کوویڈ 19 کے مریضوں کی مجموعی تعداد 10 ہزار 513 ہوگئی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں وائرس میں مبتلا مزید 15 افراد دم توڑ گئے، جس کے بعد ملک بھر میں عالمگیر وبا قرار دئیے جانے والے وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 224 تک پہنچ گئی، ملک میں کرونا کے 7952 مریض زیر علاج ہیں، وائرس سے متاثرہ 2337 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ 58 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔