بھارت کے مایہ ناز فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے خود کو ہی بھارت کا سب سے عظیم کپتان قرار دیدیا اور اپنی کپتانی کو پسند کیا ہے۔
جسپریت بمراہ کے دل میں بھی بھارتی کرکٹ ٹیم کی کپتانی کی تمنا موجود ہے بولنگ میں تو اس وقت ان سے بہتر کوئی فاسٹ بولر بھارت کے پاس موجود نہیں مگر بمراہ خود اس بات پر بھی یقین رکھتے ہیں کہ وہ دھونی، روہت اور کوہلی سے بہتر کپتان ہیں۔
بھارتی اخبار سے گفتگو کے دوران ان سے بھارت کے عظیم ترین کپتان کو منتخب کرنے کے لیے کہا گیا جس کے جواب میں انھوں نے برملا کہا کہ دیکھیں، میرا پسندیدہ کپتان میں خود ہوں کیونکہ میں نے چند میچوں میں کپتانی کی ہے۔
جسپریت بمراہ کا کہنا تھا کہ ظاہر ہے کہ بھارت میں بہت اچھے کپتان موجود ہیں لیکن میں بہترین کپتان میں اپنا نام لوں گا کہ میں اپنا پسندیدہ کپتان ہوں۔
بمراہ نے تین میچوں میں بھارت کی جانب سے کپتانی کی ہے، انگلینڈ کے خلاف ایک ٹیسٹ اور آئرلینڈ کے خلاف وہ دو ٹی ٹوئنٹی میچز میں کپتانی کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔ ان کی کپتانی کا ڈیبیو 2022 میں برمنگھم میں انگلینڈ کے خلاف ہوا تھا جب کپتان روہت کرونا میں مبتلا ہوگئے تھے۔
اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین رمیز راجہ نے بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کو کرکٹ کے تینوں فارمیٹس کا بڑا بولر قرار دیا تھا۔
رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ میری کتاب میں جسپریت بمراہ تینوں فارمیٹس میں لیجنڈ ہیں، ان سے بڑا بولر کوئی نہیں ہے جس نے تینوں فارمیٹ کھیلے ہوں، آپ دیکھ سکتے ہیں کہ یہ لڑکا کہاں سے آیا اور کہاں پہنچ گیا۔
خیال رہے کہ متواتر عمدہ پرفارمنس کی بنا پر جون کے مہینے کے لیے جسپریت بمراہ کو آئی سی سی مینز پلیئر آف دی منتھ بھی قرار دیا گیا تھا۔
بمراہ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں اپنی شاندار بولنگ کے بعد جون کے مہینے کے لیے بہترین مرد کرکٹر کا ایوارڈ جیتا تھا، اس سے قبل انھیں عالمی ایونٹ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا تھا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


