کراچی : کراچی چیمبر کے سابق صدر جاوید بلوانی کا کہنا ہے گل پلازہ کے دکانداروں کیلئے جلد عارضی دکانوں کا بندوبست کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی چیمبر کے سابق صدر جاوید بلوانی نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گل پلازہ سانحے کے بعد مارکیٹوں میں حفاظتی انتظامات کی کمی پر تشویش کا اظہار کیا۔
جاوید بلوانی نے کہا کہ مارکیٹوں میں فائر الارم نہ ہونے کی وجہ سے یہ انسانی جانوں کے لیے خطرہ بن گیا، اگر مارکیٹوں میں فائر الارم ہوتے تو شاید کوئی جانی نقصان نہ ہوتا، اور ان غلطیوں کو فوری درست کرنا ضروری ہے۔
کراچی چیمبر کے سابق صدر نے مزید کہا کہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے پھولوں کی دکان میں آگ لگی اور آگ لگنے سے لوگ جاں بحق ہوئے، جبکہ دیگر مارکیٹس جیسے بولٹن مارکیٹ، کوآپریٹو مارکیٹ، وکٹوریہ مارکیٹ اور ٹمبر مارکیٹ میں آگ کے سانحات میں کسی کی جان نہیں گئی۔
انہوں نے کہا کہ گل پلازہ کے دکانداروں کے لیے جلد عارضی دکانوں کا بندوبست کیا جائے گا اور آئندہ رول ماڈل مارکیٹیں بنائی جائیں گی تاکہ جانی نقصان نہ ہو۔
کراچی چیمبر کے سابق صدر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ سے بات کی ہے اور جلد لوگوں کے مالی نقصان کا بھی ازالہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب صدر تاجر ایسوسی ایشن گل پلازہ تنویر قاسم پاستا نے بتایا کہ گل پلازہ میں بروقت ریسکیو آپریشن نہ ہونے کی وجہ سے آگ پر فوری قابو نہیں پایا جا سکا، اطلاعات دینے کے 50 سے 55 منٹ بعد فائربریگیڈ کی پہلی گاڑی پہنچی، لیکن 20 منٹ بعد پانی ختم ہو گیا تاہم اے آر وائی نیوز نے معاملہ اٹھانے کے بعد امدادی کارروائیوں میں تیزی آئی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


