کراچی : سابق مایہ ناز کرکٹر جاوید میانداد نے کہا ہے کہ کراچی نے ہمیشہ بڑے نام پیدا کیے اور کرتا رہے گا، حنیف محمد، مشتاق محمد کا نعم البدل آج تک نہ پیدا ہوسکا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں ڈسٹرکٹ ایسٹ کے زیراہتمام منی اولمپکس گیمز کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، عامرخان، لیجنڈ کرکٹر جاوید میانداد، شعیب محمد بھی موجود تھے، تقریب میں ملک کے نامور گلوکاروں اور فنکاروں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاوید میانداد نے کہا کہ کراچی نے ہمیشہ بڑے نام پیدا کیے اور کرتا رہے گا لیکن حنیف محمد، مشتاق محمد کا نعم البدل آج تک نہ پیدا ہوسکا، سندھ حکومت ہمیں کھیل کے میدان دے، سندھ سے بڑے نام پیدا کرکے دوں گا۔
انہوں نے کہا کہ اسپورٹس مین کو کبھی جلدی غصے میں نہیں آنا چاہیے، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے کہتا ہوں کہ اسپورٹس اور اسپورٹس مین کو سپورٹ کریں، اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان سے بھی جلد ملاقات کروں گا۔
منی اولمپکس گیمز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان نے کہا کہ کراچی کو پہلے جلاؤ گھیراؤ اور لاشوں سے تعبیر کیا جاتا تھا، اس شہر نے ملک کو جاوید میانداد ، حنیف خان ، افتخاراحمد، شعیب محمد جیسے معروف کھلاڑی دئیے۔