تازہ ترین

’کاؤنٹی پلیئرز نے ہم سے بہت کچھ سیکھا‘

کراچی: پاکستان کے لیجنڈری کرکٹر جاوید میانداد نے کہا ہے کہ کاؤنٹی پلیئرز نے مجھ سے اور عمران بھائی سے بہت کچھ سیکھا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کل قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور پی سی بی چیئرمین سے ملاقات کر کے اچھا قدم اٹھایا، ایسے مواقعوں پر ہمیں کھلاڑیوں کو اپنے تجربات بتانے چاہیں تاکہ اُن کی حوصلہ افزائی ہو۔

انہوں نے کہا کہ ’وزیراعظم کو کوچ کو بلا کر اپنے تجربات شیئر کرنے چاہیے تھے، اس سے بہت زیادہ فائدہ ہوتا اور ٹیم ایک نئی قوت کے ساتھ سامنے آسکتی ہے‘۔

’میں جب کوچ تھا تو کھلاڑیوں کو وہی چیز بتاتا تھا، جس کا بطور کھلاڑی ہم نے سامنا کیا، میں نے ایک ایک گھنٹے لڑکوں کو کھلایا تھا، جس کی وجہ سے کھلاڑیوں کی کارکردگی بہت بہتر ہوگئی تھی‘۔

جاوید میانداد نے کہا کہ رمیز راجہ کی بطور چیئرمین پی سی بی تعیناتی سے فرق تو پڑے گا، نیشنل ٹی ٹوینٹی سے کھلاڑیوں کی پرفارمنس بھی بہتر ہوگی، نئی ٹیمیں اور کھلاڑی سامنے آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اب لوگ کرکٹ سے محظوظ ہوتے ہیں، کرکٹ کو کرکٹ کے طریقے سے اوپر لایا جاتا ہے، پی ایس ایل میں جب تجربہ کار کھلاڑی پاکستان آئے تو ہمارے نوجوان کھلاڑیوں کے کھیل میں نکھار پیدا ہوا۔

Comments

- Advertisement -