اسلام آباد: جسٹس جواد ایس خواجہ نے آج ملک کےتئیسویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھالیا۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس ناصرالملک 13 ماہ تک چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے پرفائز رہنے کے بعد ریٹائرڈ ہوگئے ہیں۔
ناصر الملک کی ریٹائرمنٹ کے بعد سپریم کورٹ کے سینئرترین جج جسٹس جواد ایس خواجہ نے آج نئے چیف جسٹس آف پاکستان کا حلف اٹھالیا ہے۔
صدر ممنون حسین نے جسٹس جواد ایس خواجہ سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب میں وزیرِ اعظم نواز شریف، وفاقی وزراء اور اعلیٰ افسران شریک تھے۔
جسٹس جواد ایس خواجہ 23 روز چیف جسٹس کے عہدے پر رہنے کے بعد رواں سال ہی 10 ستمبرکو سبکدوش ہو جائیں گے۔
جسٹس جوادکا ملک کی عدالتی تاریخ میں سب سے کم عرصہ چیف جسٹس رہنے والے افراد کی فہرست میں دوسرا نمبر ہوگاان سے پہلے چیف جسٹس محمد شہاب الدین صرف 10 روز کیلئے چیف جسٹس رہے ہیں۔ وہ 3 مئی 1960 میں چیف جسٹس بنے اور 12 مئی1960 کو سبکدوش ہوگئے تھے۔