بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری جےشاہ کی ایک بار پھر پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی سامنے آئی ہے۔
ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ نے نجم سیٹھی کے ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایشیاکی ٹیمیں پاکستان میں ایشیاکپ کھیلنے کیلئے تیار نہیں تھیں۔
جےشاہ نے کہا کہ پاکستان میں سکیورٹی اور معاشی حالات پر ایشیائی ممالک کو تشویش تھی ہم نے پاکستان کا ہائبرڈ ماڈل منظور کر کے ایشیاکپ شیڈول بنایا۔
انہوں نے کہا کہ یواےای میں ٹی20 قابل قبول تھے ون ڈے نہیں ستمبر کی گرمی میں 100اوورز کی کرکٹ کھلاڑیوں کو متاثر کر سکتی تھی۔
سری لنکا میں شدید بارشوں کے باعث ایشیا کپ متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے، صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے بی سی سی آئی کے سیکرٹری جے شاہ سے رابطہ کیا۔
چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے جے شاہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا میں مزید بارشوں کا امکان ہے، انہوں نے ایشیا کپ کے میچز پاکستان میں کروانے کی تجویز دی ہے۔
ذکا اشرف نے جے شاہ کو تجویز دی کہ پاک بھارت میچز دبئی میں بھی کھیلے جاسکتے ہیں، ایشیا کپ بڑا ٹورنامنٹ ہے بارش کی وجہ سے اس کو متاثر نہ کیا جائے۔ جے شاہ کا ذکا اشرف کو جواب دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم صورتحال پر غور کرلیتے ہیں۔