اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کو سپریم کورٹ کا مستقل جج بنانے کی منظوری دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرصدارت ہونے والے جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کو سپریم کورٹ کا مستقل جج بنانے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ جسٹس ظفر احمد راجپوت کو سندھ ہائی کورٹ کا چیف جسٹس اور جسٹس کامران خان ملاخیل کو بلوچستان ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کیا گیا ہے۔
اجلاس میں جوڈیشل کمیشن رولز میں ترامیم کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے، جس کے سربراہ وفاقی آئینی عدالت کے جج جسٹس عامر فاروق ہوں گے۔
کمیٹی میں اٹارنی جنرل، فاروق ایچ نائیک، بیرسٹر علی ظفر اور احسن بھون شامل ہیں، کمیٹی جوڈیشل کمیشن رولز میں ترامیم کا مسودہ تیار کرے گی۔


