واشنگٹن: امریکی سیکرٹ سروس کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ نائب صدر جے ڈی وینس کے اوہائیو میں واقع گھر پر حملہ کرنے والے شخص کو پیر کی علی الصبح گرفتار کرلیا گیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکن پریس (اے پی) کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سیکرٹ سروس کے ترجمان انتھونی گوگلیلمی نے بتایا ہے کہ مشتبہ شخص کو سکیورٹی فورسز نے گرفتار کرلیا ہے، جس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔
سیکرٹ سروس اہلکاروں کے مطابق رات کے وقت ایک زور دار آواز سنی، جس کے بعد معلوم ہوا کہ ایک شخص ہتھوڑے سے کھڑکی توڑ کر گھر میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔
رپورٹس کے مطابق مذکورہ شخص نے گھر کے ڈرائیو وے میں داخل ہوتے ہوئے سیکرٹ سروس کی ایک گاڑی پر بھی حملہ کیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ والنت ہلز کے علاقے میں واقع یہ رہائش گاہ اس وقت خالی تھی اور نائب صدر جے ڈی وینس اور ان کا خاندان اوہائیو میں موجود نہیں تھا۔
امریکا میں نائب صدر منتخب ہونے والے جے ڈی وینس کون ہیں؟
واضح رہے کہ جے ڈی وینس نائب صدر بننے سے قبل اوہائیو سے تعلق رکھنے والے امریکی سینیٹر تھے۔ ان کے دفتر نے واقعے سے متعلق سوالات سیکرٹ سروس کو بھیج دیے اور بتایا کہ ان کا خاندان پہلے ہی واشنگٹن واپس جا چکا ہے۔


