اسلام آباد : معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر وفاقی دارالحکومت کی فضا پاک فضائیہ کے شاہینوں کے طیاروں کی گھن گرج سے گونج اٹھی۔
’معرکہ حق‘ کو ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں خصوصی تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے۔ اس سلسلے میں پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے اسلام آباد کی فضاؤں میں شاندار فلائی پاسٹ کی ریہرسل کی، جس سے فضا نعرہ تکبیر اور طیاروں کی گھن گرج سے گونج اٹھی۔
حکام کے مطابق یہ فضائی سرگرمیاں ’معرکہ حق‘ کی سالانہ تقریب کی مناسبت سے منعقد کی جانے والی فلائی پاسٹ کی ریہرسل کا حصہ ہیں۔
پاک فضائیہ کے جدید لڑاکا طیارے فارمیشن کی صورت میں دارالحکومت کے آسمان پر نچلی پروازیں کرتے ہوئے اپنی آپریشنل تیاریوں اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
انتظامیہ اور پاک فضائیہ کی جانب سے شہریوں کو مطلع کیا گیا ہے کہ یہ تمام فضائی سرگرمیاں طے شدہ تربیتی مشقوں اور ریہرسل کا حصہ ہیں، عوام کو طیاروں کی آوازوں یا نیچی پروازوں سے پریشان ہونے یا خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
واضح رہے کہ ’معرکہ حق‘ گزشتہ برس مئی 2025 میں سرحدوں پر ہونے والی کشیدگی کے دوران پاکستان کے اس دفاعی ردعمل کو کہا جاتا ہے، جس میں فضائیہ نے دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے ملکی دفاع کو ناقابلِ تسخیر ثابت کیا تھا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


