ریاض : سعودی عرب میں جاری ورلڈ ڈیفنس شو مین پاک فضائیہ کے جدید جے ایف17تھنڈربلاک تھری ملٹی رول لڑاکا طیارے توجہ کا مرکز بن گئے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کا دستہ سعودی عرب میں جاری ورلڈ ڈیفنس شو 2026 میں شریک ہے، جہاں وہ جدید جے ایف -17 تھنڈر بلاک تھری ملٹی رول لڑاکا طیارے کی نمائش کر رہا ہے۔
اس کے علاوہ عالمی پذیرائی حاصل کرنے والے سپر مشاق تربیتی طیارے کو بھی پیش کیا گیا ہے۔
پاک فضائیہ کے ترجمان نے بتایا کہ ورلڈ ڈیفنس شو عالمی دفاعی اور سیکیورٹی صنعت کا اہم ترین پلیٹ فارم ہے، اور پاکستان ایئر فورس کی شرکت ملک کی ابھرتی ہوئی فضائی اور دفاعی ٹیکنالوجی صلاحیتوں کا مظہر ہے۔
جے ایف-17 بلاک تھری جدید ایونکس، اے ای ایس اے ریڈار اور الیکٹرانک وارفیئر سسٹم سے لیس ہے، اور بی وی آر صلاحیتوں کے ساتھ جدید فضائی جنگی تقاضوں کو پورا کرنے کی مکمل اہلیت رکھتا ہے۔ جبکہ سپرمشاق تربیتی طیارہ پائیداری، کم لاگت اور آسان دیکھ بھال کے باعث متعدد دوست ممالک کی فضائی افواج میں کامیابی سے شامل کیا جا چکا ہے۔
پاک فضائیہ کی نمائندگان تربیت، ٹیکنالوجی منتقلی اور دفاعی شراکت داری پر تبادلہ خیال کریں گے، جبکہ نمائش عالمی وفود، دفاعی حکام اور صنعت کاروں کو باہمی تعاون کے مواقع فراہم کر رہی ہے۔
پی اے ایف کی یہ شرکت دفاعی برآمدات کے فروغ اور عالمی تعاون کے عزم کی عکاس ہے اور پاکستان کی آپریشنل مہارت اور قابل اعتماد دفاعی حل اجاگر کرتی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


