The news is by your side.

Advertisement

جے ایف 17 تھنڈر ڈوئل سیٹ طیاروں کی پہلی کھیپ کی تقریب رونمائی

کامرہ : پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ نے ڈوئل سیٹ والے جے ایف17تھنڈر طیارے تیار کرنے کا ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا۔

اس سلسلے میں ائیر کرافٹ مینوفیکچرنگ فیکٹری کامرہ میں آٹھ ڈوئل سیٹ جے ایف17تھنڈر طیاروں کی پروقار تقریب رونمائی کا انعقاد کیا گیا۔

پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جناب یاؤژنگ اور ایوی ایشن انڈسٹریز آف چائنہ کے نائب صد ر مسٹر یاؤ زاؤپنگ نے اس تقریب میں خصوصی شرکت کی۔

ایئر مارشل احمر شہزاد، چیئرمین پاکستان ایرو ناٹیکل کمپلیکس، کامرہ نے اپنے خطاب میں اس پراجیکٹ کی چیدہ چیدہ خصوصیات پر روشنی ڈالی۔

پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس، کامرہ اور چائنہ نیشنل ایرو ٹیکنالوجی امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ کارپوریشن نے چائینیز کمرشل طیاروں کے لئے پرزہ جات کی تیاری کے معاہدے پر دستخط کئے۔

پاک چین برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ جے ایف17تھنڈر پاک چین دوستی اور باہمی تعاون کی ایک لا زوال مثال ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ نے پی اے سی، کامرہ اور چائنہ نیشنل ایرو ٹیکنالوجی امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ کارپوریشن کو 2019 کے پیداواری اہداف کو حاصل کرنے اور پہلے آٹھ ڈوئل سیٹ جے ایف17 تھنڈر طیاروں کی پانچ ماہ کی ریکارڈ مدت میں تکمیل پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ اہم سنگِ میل جے ایف17پروگرام میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے اور دونوں ممالک کے درمیان موجود پائیدار دوستانہ تعلقات کا مظہر ہے۔

ائیر چیف نے کہا کہ جے ایف17تھنڈر طیارہ پاک فضائیہ میں کلیدی کردار کا حامل ہے اور آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ میں اسکی جنگی صلاحیت اس کی افادیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

بعد ازاں پاک فضائیہ کے سربراہ نے ایویانکس پروڈکشن فیکٹری، کامرہ میں ڈوئل سیٹ جے ایف17تھنڈر طیاروں کی انٹیگریشن فیسلٹی کاا افتتاح کیا ۔

یہ سہولت پاک فضائیہ میں شامل جے ایف17تھنڈر کو اپنی مرضی کے ایویانکس اور ہتھیاروں سے لیس کرنے کے ساتھ ساتھ خود انحصاری اور آپریشنل تیاریوں میں معاون ثابت ہوگی۔

Comments

یہ بھی پڑھیں