جھنگ : پنجاب کے ایک اسکول میں طالب علم منہ سے آگ نکالنے کی پریکٹس کرتے ہوئے جھلس گیا، بچے کے باپ کا کہنا ہے کہ اسے ٹیچر نے ایسا کرنے پر مجبور کیا، پولیس نے ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق جھنگ کے محلہ سلطان والا میں قائم نجی اسکول میں ایک طالب علم کرتب سیکھتے ہوئے بری طرح جھلس گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسکول میں ہونے والے ٹیبلو شو میں منہ سے آگ نکالنے کی پریکٹس میں طالب علم کا چہرہ جھلسا۔
اس حوالے سے طالب علم نے بتایاکہ میں نے ٹیچر سے کہا بھی تھا میں ایسے نہیں کرسکتا لیکن زبردستی پریکٹس کروائی گئی، مجھے پریکٹس کیلئے مٹی کے تیل کے بجائے پٹرول دیا گیا، میں نے ٹیچر کی ڈانٹ کے خوف سے منہ میں پٹرول ڈال کر آگ لگائی۔
اس حوالے سے بچے کے باپ کا کہنا تھا کہ ٹیچر نے اس سلسلے میں نہ تو ہم سے پوچھا اور ہی اس بات کی اجازت لی کہ بچے سے ایسا خطرناک کام کروایا جائے۔
اے آر وائی نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد محکمہ تعلیم پنجاب کی ٹیم پرائیویٹ اسکول پہنچ گئ اور اسکول کی رجسٹریشن منسوخی کا لیٹرجاری کردیا۔
اس حوالے سے سی ای او ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ غفلت برتنے پر اسکول مالکان کیخلاف کارروائی کی جارہی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ طالب علم کے والد کی مدعیت میں اسکول ٹیچر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور ملزم ٹیچر کی گرفتاری کے لیے چھاپےمارے جارہے ہیں۔