کراچی (5 نومبر 2025): جماعت اسلامی کراچی نے فیس لیس ٹکٹنگ سسٹم (ای چالان) سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے اپنے وکیل کے توسط سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ خود کار نظام کے تحت خلاف ورزی پر ای چالان بھیجے جارہے ہیں، مالک کو چالان بھیجے جا رہے ہیں اس سے قطع نظر کہ گاڑی کون چلا رہا تھا یا خلاف ورزی کس نے کی؟
درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ سڑکوں کے انفراسٹرکچر اور گاڑیوں کی ملکیت کی تصدیق کے بغیر ہی نظام نافذ کر دیا گیا، ای چالان کی رقم میں ہزار گنا اضافہ، لائسنس معطلی یا شناختی کارڈ بلاک غیر قانونی اقدام ہے، کراچی سمیت سندھ بھر میں بہت سی گاڑیاں اوپن لیٹر پر چل رہی ہیں، ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے ریکارڈ میں گاڑی کے پرانے مالکان کا ریکارڈ موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ای چالان کے بھاری جرمانوں کیخلاف ایک اور درخواست دائر
’محکمہ ایکسائز میں کرپشن کے باعث گاڑیوں کی ملکیت کی منتقلی بروقت نہیں ہوتی۔ شہر کی سڑکوں پر نہ زیبرا کراسنگ موجود ہے اور نہ ہی اسپیڈ لمٹ کے سائن بورڈ۔ شہر کی خراب سڑکیں شہریوں کو متبادل یا غلط راستے اپنانے پر مجبور کرتی ہیں۔ بعض مقامات پر ترقیاتی منصوبوں سے ٹریفک پولیس رانگ وے ٹریفک چلاتی ہے۔‘
منعم ظفر نے اپنی درخواست میں کہا کہ 30 سے 40 ہزار ماہانہ کمانے والے کس طرح بھاری جرمانے ادا کر سکتا ہے؟
انہوں نے استدعا کی کہ ای چالان اور جرمانوں کو معطل کیا جائے، انفرااسٹرکچر کے بغیر مصنوعی ذہانت کے چالان کا نظام غیر قانونی قرار دیا جائے، بھاری جرمانوں کو شہریوں کے ساتھ امتیازی سلوک قرار دیا جائے۔
قبل ازیں، امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے سندھ ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ای چالان کے خلاف درخواست دائر کر رہے ہیں، اس کی شکل میں شہریوں پر بھاری جرمانے عائد کیے ہیں، ایک ہفتے میں 30 ہزار سے زائد شہریوں پر جرمانے کیے گئے۔
منعم ظفر نے کہا کہ شہر میں ٹوٹی سڑکیں، زیبرا کراسنگ، حد رفتار یا سائن بورڈ نہیں ہیں اور نااہلی کا ہرجانہ شہریوں کو بھاری جرمانے کی صورت میں بھگتنا پڑ رہا ہے، ای چالان کے نام پر موٹرسائیکل سوار پر کو 5 ہزار جرمانہ عائد کیا گیا، معاشی حب میں شہریوں کیلیے معیاری سڑکیں اور ٹرانسپورٹ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ساڑھے تین کروڑ کی آبادی کے شہر میں ایک ہزار بسیں ناکافی ہیں، گرین لائن نامکمل اور ریڈ لائن ڈیڈ لائن بنی ہے، شہر میں حادثات میں 728 شہری جاں بحق ہوئے، 225 شہری ہیوی ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہوئے، ہیوی ٹرانسپورٹ شہر میں دندناتے پھر رہے ہیں۔
E-Challan Karachi- Latest News and Updates
ان کا کہنا تھا کہ تمام ٹیکس وصولی کے باوجود شہریوں کو سہولیات نہیں دی جا رہی، ای چالان کی شکل میں شہریوں کی جیبوں پر ڈاکا نامنظور ہے۔
چند روز قبل امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے ای چالان کے خلاف وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے رابطہ کرنے اور عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کیا تھا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا تھا کہ ہم ای چالان کے خلاف عوام اور عدالت میں جائیں گے، اس کے نام پر پیپلز پارٹی نے کاروبار شروع کر دیا ہے، مراد علی شاہ سے رابطہ کروں گا کہ اس کو ختم کریں۔
انہوں نے کہا تھا کہ صوبائی حکومت سے کہتا ہوں کہ یہ ڈرامے ختم کریں، کراچی گندگی کا ڈھیر بن گیا ہے، پورے ملک سے 64 فیصد ایکسپورٹس کراچی سے ہوتی ہیں۔


