کراچی : اداکارہ اشنا شاہ نے بچوں کی تربیت سے متعلق کہا ہے کہ جن بچوں کو پڑھانے میں والدین ناکام رہے انہیں پڑھانا فنکاروں کا کام نہیں۔
ان خیالات کا اظہار پاکستانی شوبز انڈسٹری کی مشہور اداکارہ اشنا شاہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کیا، جس میں انہوں نے امریکی و برطانوی اداکار اور اسکرین رائٹر وینورتھ ملر سے منسوب ایک اقتباس پڑھا تھا۔
اقتباس کا متن کچھ اس طرح تھا، ’فنکاروں کا کام بچوں کو سبق پڑھانا نہیں ہوتا بلکہ لوگوں کو تفریح فراہم کرنا ہوتا ہے، جو سبق خود والدین نہ پڑھاسکے وہ فنکار کیسے پڑھائے گا۔
واضح رہے کہ اداکارہ اشنا شاہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر کافی مقبول ہیں، ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام پر انکے 20 لاکھ سے زائد فالوورز موجود ہیں جب کہ وہ خود صرف 916 افراد کو فالوو کرتی ہیں۔
اداکارہ اپنے بولڈ اور دو ٹوک انداز میں جواب دینے کے باعث بھی خاصی مشہور ہیں اور انٹرنیٹ صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کروانا خوب اچھی طرح جانتی ہیں۔
اکثر سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر اشنا شاہ کی پوسٹیں وائرل ہوتی رہتی ہیں جس میں کبھی وہ کسی مظلوم کی حمایت کرتی نظر آتی ہیں تو کبھی اپنے ساتھی فنکاروں پر تنقید کرتی۔