جمعرات, ستمبر 10, 2026
اشتہار

پاکستانی نوجوانوں کے لیے آئرلینڈ میں ملازمت کے مواقع

اشتہار

حیرت انگیز

آئرلینڈ کے کریٹیکل اسکلز ایمپلائمنٹ پرمٹ کے تحت پاکستانی چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کے لیے قانونی طور پر روزگار کے وسیع تر مواقع موجود ہیں۔

بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ آف پاکستان کے مطابق آئرلینڈ ملک میں ملازمت کے خواہشمند پاکستانی چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کے لیے ملازمت کے خصوصی مواقع فراہم کر رہا ہے۔

مذکورہ اسکیم خاص طور پر متعلقہ اکاؤنٹنگ اور آڈٹ کا تجربہ رکھنے والے اہل اور پیشہ ور افراد کے لیے ہے۔

درخواست گزار کی اہلیت :

درخواست گزار انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان (آئی کیپ) کی رکنیت کا حامل ہو، آئی کیپ کے مکمل رکن دو طرح سے اہل ہوسکتے ہیں۔

اوّل : چارٹرڈ یا سرٹیفائیڈ اکاؤنٹنٹ یا ٹیکس ماہر کی حیثیت سے، بشرطیکہ ٹیکس، کمپلائنس، ریگولیشن، سالوینسی، فنانشل مینجمنٹ یا کسی متعلقہ شعبے میں خصوصی مہارت رکھتے ہوں۔

دوم : کم از کم تین سال کے آڈٹ تجربے کے ساتھ، بشرطیکہ انہیں یو ایس جی اے اے پی رپورٹنگ اور گلوبل آڈٹ اینڈ ایڈوائزری سروسز کا متعلقہ تجربہ حاصل ہو اور جاب آفر کسی ملٹی نیشنل کمپنی کی گلوبل آڈٹ سروسز میں ہو۔

Job opportunities in Ireland

اسی طرح نان ای ای اے ٹیکس کمپلائنس کے ماہر ٹیکس کنسلٹنٹس بھی متعلقہ پیشہ ورانہ یا قانونی ٹیکس قابلیت اور کم از کم 3 سال کے متعلقہ تجربے کے ساتھ اہل ہوسکتے ہیں۔

درخواست کے لیے آئرلینڈ کے رجسٹرڈ آجر سے کم از کم دو سال کی مستند جاب آفر ضروری ہے، اہل کریٹیکل اسکلز پیشوں کے لیے کم از کم سالانہ معاوضہ 40 ہزار904 یورو ہے، جبکہ درخواست سے پہلے کے 12 ماہ میں متعلقہ قابلیت حاصل کرنے والے بعض حالیہ گریجویٹس کے لیے یہ حد 36 ہزار 848 یورو ہوسکتی ہے۔

آجر کے کم از کم 50 فیصد ملازمین یورپین اکنامک ایریا (ای ای اے) کے شہری ہونے چاہییں، تاہم انٹرپرائز آئرلینڈ یا آئی ڈی اے آئرلینڈ کی معاونت یافتہ بعض نئی کمپنیوں کو استثنا حاصل ہوسکتا ہے۔

اس پرمٹ کے لیے لیبر مارکیٹ نیڈز ٹیسٹ ضروری نہیں، درخواست مجوزہ ملازمت شروع ہونے سے کم از کم 12 ہفتے پہلے آن لائن جمع کرائی جائے اور اس کی پروسیسنگ فیس 1ہزار یورو ہے۔

خاندانی اور طویل مدتی رہائش

کریٹیکل اسکلز پرمٹ خاندان سے دوبارہ ملنے کے لیے نسبتاً سازگار سہولت فراہم کرتا ہے، جبکہ اہل شریکِ حیات یا پارٹنر امیگریشن قواعد کے مطابق علیحدہ ایمپلائمنٹ پرمٹ کے بغیر کام کی اجازت حاصل کرسکتا ہے۔

پرمٹ ہولڈر سے عموماً پہلے آجر کے ساتھ کم از کم 9 ماہ کام کرنے کی توقع کی جاتی ہے، اس سے پہلے تبدیلی صرف مخصوص حالات میں ممکن ہوسکتی ہے۔

مطلوبہ مدت اور تمام شرائط پوری کرنے کے بعد اسٹیمپ 4 کے لیے درخواست دی جاسکتی ہے جو مزید ایمپلائمنٹ پرمٹ کے بغیر رہنے اور کام کرنے کی اجازت دے سکتا ہے۔

تاہم یہ شہریت کی خودکار ضمانت نہیں، طویل مدتی رہائش اور شہریت کے لیے الگ قانونی شرائط پوری کرنا ضروری ہیں۔

اہم ترین

مزید خبریں