ایشیز سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ میں انگلش بیٹر نے شاندار سنچری اسکور کرکے سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ کا ریکارڈ برابر کردیا۔
آسٹریلیا کے خلاف سڈنی میں کھیلے جارہے ایشیز سیریز کے آخری میچ کی پہلی اننگز میں جوروٹ نے 160 رنز کی شانداراننگز کھیلی، یہ آسٹریلیا میں ان کی دوسری سنچری تھی۔
انہوں نے اسی سیریز میں دوسرے ٹیسٹ میچ میں اپنی پہلی سنچری اسکور کی تھی، جوروٹ نے اپنے کیرئیر کی 41 ویں ٹیسٹ سنچری بنائی ہے جس کے بعد وہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچری بنانے والے بیٹرز کی فہرست میں رکی پونٹنگ کے ساتھ تیسری پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔
یہ پڑھیں: بین اسٹوکس اور لبوشین کے درمیان بحث کی ویڈیو وائرل
انگلینڈ کے بیٹر جوروٹ کو ٹیسٹ کرکٹ میں 14 ہزار رنز مکمل کرنے کیلئے 63 رنز کی ضرورت ہے انہیں سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑنے کیلئے 1985 رنز چاہئیں۔
سچن ٹنڈولکر ٹیسٹ کرکٹ میں 51 سنچریوں کے ساتھ سرفہرست ہیں، جیک کیلس 45 سنچریوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں اور 41 سنچریوں کے ساتھ جوروٹ اور رکی پونٹنگ تیسری پوزیشن پر ہیں۔


