ریاض: وزیر اعظم عمران خان سے امریکی صدر کے نمائندے جان کیری کی ملاقات ہوئی ہے، یہ ملاقات سعودی عرب میں ایم جی آئی سمٹ کی سائیڈ لان پر ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن کے نمائندہ خصوصی برائے ماحولیات جان کیری نے آج سعودی عرب میں ملاقات کی ہے، جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود، سیکریٹری خارجہ، اور معاون خصوصی ماحولیات بھی شریک ہوئے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے اقدامات پر گفتگو ہوئی، وزیر اعظم نے اس سلسلے میں حکومت پاکستان کی جانب سے ترجیحی اقدامات سے آگاہ کیا، اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے پاکستان اور دیگر ممالک کو درپیش چیلنجز پر بھی بات چیت ہوئی۔
ماحولیات کے شعبے میں سرمایہ کاری اور تعاون کے سلسلے میں دونوں رہنماؤں نے مؤثر فریم ورک بنانے پر اتفاق کیا، وزیر اعظم نے 10 بلین ٹری سونامی منصوبے کی کامیابی سے بھی آگاہ کیا، دونوں رہنماؤں نے ماحولیات سے متعلق پاک امریکا تعاون کا جائزہ لیا، اور وزیر اعظم نے یو ایس پاکستان کلائمٹ ورکنگ گروپ کے اجلاس پر اظہار اطمینان کیا۔
جان کیری نے اس موقع پر کہا کہ ماحولیات کے شعبے میں پاک امریکا دیرینہ تعلقات ہیں، پاک امریکا تعلقات میں مزید ہم آہنگی کے لیے انھیں اور مضبوط کیا جائے گا، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے اقدامات حوصلہ افزا ہیں۔
The United States Special Presidential Envoy for Climate, John Kerry, called on Prime Minister @ImranKhanPTI in Riyadh, today, on the sidelines of the “Middle East Green Initiative (MGI)” Summit.#PMIKinKSA
— PTI (@PTIofficial) October 25, 2021
وزیر اعظم عمران خان نے کہا موسمیاتی تبدیلی پر تکنیکی مہارت اور ٹیکنالوجی کا اشتراک ناگزیر ہے، ماحولیات کے شعبے میں سرمایہ کاری اور تعاون کے مواقع تلاش کیے جائیں۔
اس ملاقات میں خطے کی مجموعی صورت حال اور افغانستان کے معاملات پر بھی گفتگو کی گئی، وزیر اعظم نے پاکستان اور خطے کے لیے پُر امن اور مستحکم افغانستان کی اہمیت پر زور دیا، اور کہا عالمی برادری امن و سلامتی کے لیے عملی طور پر کام کرے، اور معاشی تباہی کو روکنے کے لیے متحرک ہو۔ وزیر اعظم نے افغانستان کو معاشی وسائل کی فراہمی اور منجمد اثاثوں کی بحالی پر بھی زور دیا۔