راولپنڈی : پاکستان کی عسکری قیادت نے وطن کو درپیش کسی بھی خطرے کا منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا اجلاس چیئرمین جنرل راشد محمود کی زیرِ صدارت چکلالہ میں ہوا، اجلاس میں تینوں مسلح افواج کے پیشہ وارانہ امور ، تیاریوں اور خطرات سے نمٹنے کی صلاحیتوں کا جائزہ لیتے ہوئے ان پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کی کوششوں اور اس میں تعاون کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ قومی سلامتی ، خطے کی جیو اسٹریٹجک صورتحال ، مشترکہ فوجی تربیت سمیت درپیش چیلنجز بھی زیر غور آئے۔
اجلاس میں سیلاب زدہ علاقوں میں افواج کی امدادی کارروائیوں پر بھی غور ہوا ، اجلاس میں جنرل راحیل شریف ، ایڈمرل ذکا ء اللہ ایئر چیف مارشل سہیل امان ، سیکرٹری دفاع لیفٹنٹ جنرل ریٹائرڈ محمد عالم خٹک اور دیگر نے شرکت کی۔