راولپنڈی (11 دسمبر 2025): پاکستان آرمی اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے درمیان مشترکہ انسداد دہشتگردی مشق وارئیر 9 جاری ہے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سنٹر پبی میں اس حوالے سے خصوصی تقریب منعقد کی گئی، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ پاک فوج کے چیف آف جنرل سٹاف تقریب کے گیسٹ آف آنر تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شرکاء کو مشترکہ مشق کے امور کار، مقاصد اور انعقاد کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
انہوں نے انسداد دہشتگردی کی مختلف مشقوں کا مشاہدہ کیا اور دونوں طرف سے حصہ لینے والے فوجی اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل قابلیت اور عزم و حوصلے کو سراہا۔
ترجمان کے مطابق یہ مشق پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط دفاعی تعاون کی عکاسی کرتی ہے اور دونوں مسلح افواج کے امن و استحکام کے لئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔
لئیق الرحمن دفاعی اور عسکری امور سے متعلق خبروں کے لئے اے آروائی نیوز کے نمائندہ خصوصی ہیں


