اسلام آباد : اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت دیگر شہروں میں غیر قانونی افغان باشندوں کیخلاف کریک ڈاؤن میں 31 افغان شہریوں کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، مری، جہلم اور چکوال میں مشترکہ سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 31 غیرقانونی افغان شہریوں کو گرفتار کر لیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ غیر رجسٹرڈ افغان شہریوں کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔
اسلام آباد کے علاقے اٹھل چوک اور ڈھوک جیلانی میں آپریشن کے دوران 155 گھروں، 145 موٹر سائیکلوں، 35 گاڑیوں اور 245 افراد کی جانچ کی گئی، جس کے دوران 17 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا، ملزمان کے قبضے سے 12 بور اور 233 بور رائفلیں، 30 بور کا پستول، ایک خنجر اور 160 گرام منشیات برآمد ہوئی۔
راولپنڈی میں 195 گھروں، 65 دکانوں، 380 افراد، 55 گاڑیوں اور 75 موٹر سائیکلوں کی جانچ کے دوران 20 غیرقانونی افغان شہری گرفتار ہوئے، جنہیں افغان ہولڈنگ سینٹر ڈھوک سیداں منتقل کر دیا گیا۔ مکان مالکان کے خلاف متعلقہ قانون کے تحت مقدمات درج کیے گئے۔
اٹک میں 73 گھروں کی تلاشی، 172 افراد کی شناختی جانچ اور 51 گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی۔ چکوال میں 61 گھروں اور دکانوں کی تلاشی اور 132 افراد کی دستاویزات کی جانچ کے دوران 3 افغان شہری گرفتار ہوئے۔
مری میں 33 گھروں، 40 دکانوں اور 110 افراد کی جانچ پڑتال مکمل کی گئی، جبکہ جہلم میں 40 گھروں کی تلاشی اور 70 افراد کی شناختی جانچ کے دوران 8 غیر قانونی افغان شہری گرفتار ہوئے۔
سیکیورٹی حکام نے بتایا کہ سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن کے دوران گھروں، گاڑیوں اور دکانوں کی مکمل جانچ کی گئی اور غیر قانونی مقیم افراد کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ عوامی تحفظ اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


