اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی جانب سے شاہد خاقان عباسی کو عبوری وزیراعظم تعینات کر کے سرکاری پروٹوکول دے دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایئر کمانڈر ریٹائرڈ خاقان عباسی (مرحوم) اور وزیربرائے دفاعی پیداوار کے صاحبزادے شاہد خاقان عباسی کو مسلم لیگ ن کی قیادت نے 45 روز تک عبوری وزیراعظم بنانے کی منظوری دے دی۔
تعلیمی قابلیت
مسلم لیگ ن کے رہنماء اور عبوری وزیراعطم شاہد خاقان عباسی 27 دسمبر 1958 کو کراچی میں پیدا ہوئے، انہوں نے ابتدائی تعلیم کے بعد لارنس کالج مری میں داخلہ لیا بعد ازاں گریجویشن کے لیے لانس اینجلس یونیورسٹی آف کیلی فورنیا چلے گئے۔
شاہد خاقان عباسی نے یونیورسٹی آف لاس اینجلس سے الیکٹریکل انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی اور مزید تعلیم کے لیے واشنگٹن کی جارج یونیورسٹی میں داخلہ حاصل کیا جہاں سے آپ نے 1985 میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔
جارج یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے کے دوران شاہد خاقان عباسی نے سعودی آئل انڈسٹری کے مختلف پراجیکٹس پر بطور سرٹیفائیڈ انجینئر امور سرانجام دیے اور تجربہ حاصل کیا۔
سیاسی کیرئیر
شاہد خاقان عباسی اپنے والد کے انتقال کے بعد پہلی بار 1988 میں راولپنڈی کے حلقہ این اے 50 سے پہلی بار رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے، بعد ازاں 1990 میں ہونے والے عام انتخابات میں بھی آپ اسمبلی کا دوسری بار حصہ بنے پھر 1993 میں تیسری بار رکن قومی اسمبلی منتخب ہوکر اسمبلی کا حصہ بنے۔
تیسری بار رکن اسمبلی منتخب ہونے کے بعد آپ کو قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا چیئرمین منتخب کیا گیا بعد ازاں 1997 میں ہونے والے انتخابات میں آپ چوتھی بار قومی اسمبلی کی نشست جیتنے میں کامیاب ہوئے، سن 1997 میں نوازشریف نے شاہد خاقان عباسی کو قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کا چیئرمین منتخب کیا۔
بعد ازاں 1999 میں مشرف کی جانب سے نافذ ہونے والے مارشل لاء میں آپ گرفتار ہوئے اور نوازشریف کے ہمراہ جیل میں دو سال تک قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں تاہم 2001 میں عدالت نے بے گناہ قرار دیا اور اس صورت میں رہائی ممکن ہوئی۔
شاہد خاقان عباسی نے مسلم لیگ (ن) کے پلیٹ فارم سے 2002 میں ہونے والے عام انتخابات میں پیپلزپارٹی کے امیدوار سے الیکشن میں شکست کھائی تھی اور یوں پہلی بار مقامی حلقے سے آپ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم 2008 میں دوبارہ اپنی سیٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
2008 میں پاکستان پیپلز پارٹی کی پہلی کابینہ میں مسلم لیگ (ن) کے وزراء کی حیثیت سے اس وقت کے وزیراعظم یوسف رجا گیلانی کی کابینہ میں بہ طور وفاقی وزیر برائے تجارت پیداوار حلف بھی اُٹھایا تاہم مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی میں دوریوں کے بعد وہ کابینہ سے علیحدہ ہو گئے تھے۔
2013 میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت آنے کے بعد سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے شاہد خاقان عباسی کو قدرتی وسائل اور پیٹرولیم کا قلمدان سونپا تاہم سپریم کورٹ کی جانب سے نوازشریف کی نااہلی کا فیصلہ آنے کے بعد مسلم لیگ ن کی قیادت نے آپ کو عبوری وزیراعظم بنانے کی منظوری دی۔
اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔