پشاور: نئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے انتخاب کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ، جس میں استدعا کی گئی ہے سہیل آفریدی کا انتخاب غیر قانونی قرار دیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق جمیعت علمائے اسلام (ف) نے خیبر پختونخوا کے نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے انتخاب کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔
جے یو آئی کے پارلیمانی لیڈر لطف الرحمان نے بیرسٹر یاسین رضا کے ذریعے درخواست دائر کی۔
جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ تاحال منظور نہیں ہوا، اس لیے نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب غیر قانونی ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ گورنر نے علی امین گنڈاپور کو استعفیٰ کی تصدیق کے لیے 15 اکتوبر کو طلب کیا ہے، لہٰذا آرٹیکل 130(8) کے تحت موجودہ وزیراعلیٰ کا استعفیٰ منظور ہونے کے بعد ہی نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب ممکن ہے۔
جے یو آئی نے استدعا کی کہ سہیل آفریدی کا انتخاب غیر قانونی قرار دیا جائے اور نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کا عمل آئین و قانون کے مطابق دوبارہ کرایا جائے۔


