پشاور : جمعیت علما اسلام ( جے یو آئی) نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے انتخاب کوچیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا اور کہا چاہتےہ یں گزشتہ وزیر اعلیٰ کا استعفیٰ منظور ہو پھر نیا منتخب ہو۔
تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) نے خیبرپختونخوا کے نو منتخب وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کے انتخاب کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسے عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
جے یو آئی (ف) کے پارلیمانی لیڈر لطف الرحمان خیبرپختونخوا ہائیکورٹ پہنچ گئے، جہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نو منتخب وزیر اعلیٰ کی تعیناتی چیلنج کرنے آئے ہیں، کیونکہ یہ انتخاب آئینی و قانونی تقاضوں کے خلاف ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ وزیر اعلیٰ کا استعفیٰ ابھی تک منظور نہیں ہوا، گورنر نے انہیں تصدیق کے لیے طلب کر رکھا ہے، اس لیے نئے وزیر اعلیٰ کا انتخاب قانونی طور پر درست نہیں۔
مزید پڑھیں : پی ٹی آئی کے سہیل آفریدی خیبرپختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ منتخب
لطف الرحمان نے کہا کہ پتہ نہیں ا کو کیوں جلدی ہے، نئے وزیر اعلیٰ آنے تک پرانا کام کر سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہم نے اسپیکر کے کہنے پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے، تاہم اسمبلی اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔ بعد ازاں جب گورنر کا خط موصول ہوا تو معلوم ہوا کہ سابق وزیر اعلیٰ کا استعفیٰ تاحال منظور نہیں ہوا۔
جے یو آئی (ف) رہنما نے واضح کیا کہ پارٹی کا مؤقف ہے کہ پہلے سابق وزیر اعلیٰ کا استعفیٰ منظور کیا جائے، پھر نیا وزیر اعلیٰ منتخب کیا جائے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


