اسلام آباد : ماروی سرمد کی درخواست پر حافظ حمداللہ کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام ف کے رہنما اورسینیٹر حافظ حمداللہ کیخلاف تھانہ کوہسار میں دفعہ394/506کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔
معروف سماجی رہنما ماروی سرمد کی درخواست پر تین روز بعد تھانہ کوہسار میں سینیٹر حمد اللہ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ دھمکی دینے اورخاتون سے بدتمیری کرنے پردرج کیا گیا ہے۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد حافظ حمد اللہ نے اے آ روائی نیوز سے بات چیت میں کہا کہ مقدمہ درج ہونا کوئی بڑی بات نہیں، سرکار کی طرف سے کوئی پیٖغام آتا ہے تو اس کے مطابق معاملے سے نمٹیں گے۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل ایک نجی ٹی وی چینل کے ٹاک شو میں ماروی سرمد اور سینیٹر حافظ حمداللہ کے درمیان شدید تلخ کلامی ہوئی، اس دوران نوبت ہاتھا پائی تک پہنچنے والی تھی کہ پی ٹی آئی کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے معاملہ رفع دفع کروایا۔
بعد ازاں ماروی سرمد نے مولانا حافظ حمداللہ کیخلاف مقدمے کی درخواست اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں جمع کرائی تھی جس میں انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ مولانا حافظ حمداللہ نے انہیں ڈرایا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔
یاد رہے کہ 10 جون کو ہونے والے اس ٹی وی شو کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عوام کی ایک کثیر تعداد نے سینیٹر حافظ حمداللہ کے اس رویے کی مذمت بھی کی تھی۔